ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سیٹ کی تقسیم پر بھاجپا اتحاد میں کھٹ پٹ ، کمزور نہیں ہوئے ہیں نتیش کمار

سیٹ کی تقسیم پر بھاجپا اتحاد میں کھٹ پٹ ، کمزور نہیں ہوئے ہیں نتیش کمار

Mon, 04 Jun 2018 23:41:54    S.O. News Service

نئی دہلی4جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بہار میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں سیٹ تقسیم کو لے کر سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ اتوار کو جے ڈی یو کے سینئر رہنماؤں نے ایک میٹنگ کی ،اس میٹنگ میں کئی مسائل پر بات ہوئی۔ میٹنگ کے بعد جے ڈی یو لیڈر پون ورما نے کہا کہ اتحاد میں تمام جماعتوں کا احترام ہونا چاہئے۔ اگرچہ انہوں نے یہ واضح کیا کہ اب بی جے پی سے اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ بہار میں وزیر اعلی اور رہنما کے طور پر ایک ہی چہرہ ہے نتیش کمار، جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ وہیں جے ڈی یو لیڈر کے سی تیاگی نے کہا ہے کہ ہمارے آنکھ اور کان کھلے ہیں اور ہم حالات وواقعات کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کمزور نہیں ہوئے ہیں اور لوک سبھا انتخابات ہم بی جے پی کے ساتھ سے لڑیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس مسئلہ سے نجات پا لیں گے اور کوئی تعطل نہیں ہوگا۔ جے ڈی یو کے ترجمان اجے آلوک نے کہا کہ پہلے بھی سیٹ شیئرنگ کا فارمولہ رہا ہے۔ 25 پر ہم لڑتے تھے اور بی جے پی 15 پر لڑتی تھی۔ این ڈی اے کے اور ساتھی آ گئے ہیں تمام متفقہ طور پر افہام و تفہیم کے سا تھ انتخاب لڑیں گے۔این ڈی اے کا چہرہ پی ایم مودی ہیں اور بہار میں این ڈی اے کا چہرہ نتیش کمار ہیں۔ واضح ہو کہ 7 جون کو بہار این ڈی اے کی میٹنگ ہونے والی ہے ۔اگرچہ اس کا مسئلہ سیٹ تقسیم سے منسلک نہیں ہے ، تاہم اس میٹنگ میں غیر متوقع طو رپر اس موضوع پر بھی گفتگو ہوگی ۔واضح ہو کہ بہار میں لوک سبھا کی 40 سیٹیں ہیں، جس میں سے 22 نشستیں بی جے پی کے پاس ہیں۔ 6 نشستیں رام ولاس پاسوان کی پارٹی اور 3 نشستیں اوپیندر کشواہا کی پارٹی کے پاس ہیں۔ جبکہ جے ڈی یو کے پاس صرف دو سیٹیں ہیں ۔ 


Share: